16 نومبر، 2026، 10:06 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

آہنی دروازہ؛ ایران کے جغرافیے کے ساتھ امریکہ کا جغرافیائی و سیاسی جوا

آہنی دروازہ؛ ایران کے جغرافیے کے ساتھ امریکہ کا جغرافیائی و سیاسی جوا

امریکہ کا منصوبہ ایران کی اقتصادی ناکہ بندی کے ذریعے پڑوسی ممالک کو دباؤ کے آلے میں تبدیل کرنا ہے، لیکن واشنگٹن اس حقیقت سے غافل ہے کہ ان ممالک کے اپنے آزاد مفادات بھی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی، سیاسی ڈیسک— نفیسہ عبداللہی: امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) میں ’’آہنی دروازہ‘‘ (Iron Gate) کے نام سے ایک ورکنگ گروپ کا قیام اس بات کی علامت ہے کہ ایران کے خلاف دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں واشنگٹن براہِ راست جنگ کی طرف واپسی یا کسی سیاسی معاہدے کی کوشش کرنے کے بجائے، تجارتی راستوں، مالیاتی ذرائع اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو محدود کرکے ایران کے معاشی اخراجات اور ملک کے انتظامی امور چلانے کی لاگت میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

یہ طرزِ عمل پیرس میں گروپ آف سیون (G7) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بیانات سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ روبیو نے ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی کو ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ یا معاہدے کے بجائے موجودہ دباؤ کو جاری رکھنے سے تعبیر کیا ہے۔

ایران میں خوراک کی فراہمی اور فوجی و سکیورٹی اہلکاروں کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے وسائل کی ضرورت سے متعلق روبیو کے بیانات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس پالیسی کا ہدف صرف ہتھیاروں اور حساس ٹیکنالوجی کی منتقلی روکنا نہیں، بلکہ ملک کے ذرائع آمدنی اور معاشی صلاحیت کو بھی نشانہ بنانا ہے۔

اسی تناظر میں آہنی دروازہ ورکنگ گروپ، فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں سینٹکام کے ہیڈکوارٹر میں تقریباً ۲۰ فوجی اور سویلین اہلکاروں پر مشتمل قائم کیا گیا ہے، تاکہ زمینی سرحدوں اور بحیرۂ کیسپین کے راستے ایران کو سامان کی فراہمی محدود کرنے کے لیے امریکی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔

۲۱ آبان کو ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں اور ’’ان کا پیسہ ہمارے ہاتھ میں ہے‘‘، وائٹ ہاؤس کی جانب سے اقتصادی دباؤ کی موجودہ صورتِ حال برقرار رکھنے کے رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔ درحقیقت واشنگٹن نئی جنگ کے اخراجات برداشت کیے بغیر، ایران کی تجارت اور آمدنی کو محدود کرکے ملک کے معاشی حالات مزید دشوار بنانا اور اس کے ذریعے تہران کے سیاسی فیصلوں پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے۔

تاہم، اقتصادی دباؤ میں اضافے اور سیاسی مقاصد کے حصول کے درمیان ایک بنیادی فرق موجود ہے۔ پابندیاں اور تجارتی پابندیاں بھاری اخراجات کا سبب بن سکتی ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ ان کے نتیجے میں مخالف فریق کا سیاسی رویہ بھی تبدیل ہو جائے۔ گزشتہ برسوں کے تجربات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ محض اقتصادی دباؤ واشنگٹن کے تزویراتی مقاصد کی تکمیل کی ضمانت نہیں ہے۔

پڑوسی ممالک؛ وہ کڑی جس پر امریکہ کا مکمل اختیار نہیں

نئی حکمت عملی کو درپیش اہم ترین چیلنجز میں سے ایک یہ ہے کہ اس کا انحصار ایران کے پڑوسی ممالک کے تعاون پر ہے۔

عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین نے ۱۶ آبان کو اعلان کیا کہ امریکہ نے باضابطہ طور پر عراق سے ایران کے ساتھ تمام سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم دو گزرگاہوں کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

اسی طرح ایکسیوس نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ترکی، عراق اور پاکستان کو تجارت منقطع کرنے، پروازیں روکنے اور ایران کی سرحدیں بند کرنے کے نتائج پر تشویش ہے۔

یہ تشویش قابلِ فہم ہے، کیونکہ ایران کے ساتھ تجارتی تبادلوں کو محدود کرنے سے صرف تہران کو نقصان نہیں پہنچے گا، بلکہ اس کے اثرات پڑوسی ممالک کی تجارت، راہداری، سلامتی اور معاشی استحکام پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ عراق، ترکی اور پاکستان، تینوں کے ایران کے ساتھ اپنے الگ اور آزاد مفادات وابستہ ہیں۔ اس لیے بعید ہے کہ وہ ایسے فیصلے کے اخراجات اور نتائج کا جائزہ لیے بغیر واشنگٹن کے تمام مطالبات قبول کرلیں۔

لہٰذا امریکہ سرحدیں بند کرنے کے لیے سفارتی دباؤ تو ڈال سکتا ہے، لیکن اسے خطے کی حکومتوں کے فیصلوں کے اختیار اور اس کے نتائج کو سنبھالنے کی صلاحیت پر کنٹرول حاصل نہیں ہے۔

بحیرۂ کیسپین؛ دباؤ کا دائرہ وسیع اور علاقائی حساسیت میں اضافہ

آہنی دروازہ منصوبے کے دائرۂ کار میں بحیرۂ کیسپین کو شامل کرنا اس حکمت عملی کا ایک اور اہم پہلو ہے۔ بحیرۂ کیسپین محض ایران کا ایک مواصلاتی راستہ نہیں، بلکہ پانچ ساحلی ممالک کے درمیان مشترکہ آبی خطہ ہے، جہاں ان ممالک کے اقتصادی، تجارتی اور سکیورٹی مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

اس اقدام پر روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کا ۲۰ آبان کو ردعمل اور ساحلی ممالک کے حقوق و مفادات کو لاحق خطرات سے متعلق ان کی تنبیہ ظاہر کرتی ہے کہ اس خطے تک امریکی دباؤ کو وسعت دینے کی کوشش کو دوسرے فریقوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس نقطۂ نظر سے بحیرۂ کیسپین میں ایران کے تجارتی تبادلوں کو محدود کرنے کی کوشش معاملے کو تہران اور واشنگٹن کے درمیان محاذ آرائی کی سطح سے آگے لے جا سکتی ہے اور اسے خطے کے ممالک کی خودمختاری اور مفادات سے متعلق مسئلہ بنا سکتی ہے۔

آہنی دروازہ حکمت عملی ایک بنیادی مفروضے پر قائم ہے اور وہ یہ ہے کہ ایران کی تجارتی راستوں، مالیاتی وسائل اور ضروری اشیا تک رسائی جتنی زیادہ محدود ہوگی، امریکہ کے مطالبات کے سامنے مزاحمت کی قیمت اتنی ہی بڑھ جائے گی اور بالآخر تہران اپنے حساب کتاب اور پالیسیوں میں تبدیلی پر مجبور ہو جائے گا۔

روبیو نے ایران کے حوالے سے امریکی حکمت عملی کے بارے میں صحافیوں سے کہا تھا: آخرکار انہیں کھانا تو کھانا ہی ہے، آخرکار انہیں اپنی جنگی افواج اور سکیورٹی فورسز کو تنخواہیں بھی ادا کرنا ہوں گی۔

یہ بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ ناکہ بندی جاری رکھنے کے پیچھے امریکہ کا حتمی مقصد ایران کی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مارکو روبیو کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا: امریکی وزیر خارجہ کا یہ کہنا کہ انہیں آخرکار کھانا تو کھانا ہی ہے، درحقیقت ایرانی عوام کو بھوک مسلط کرنے کی ڈھٹائی کے ساتھ دھمکی دینے کے مترادف ہے۔ یہ بیانات امریکہ کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب کے ارادے کا ایک اور اعتراف ہیں، جو درحقیقت گزشتہ جارحانہ جنگوں اور جاری اقتصادی دہشت گردی کے دوران کیے جانے والے جرائم کا تسلسل ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کئی دہائیوں کی دھمکیوں، پابندیوں، دہشت گردی اور جارحیت کی پالیسی کے باوجود آج بھی وہی غلطیاں دہرا رہا ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ ہر بار انہیں نئے ناموں کے لبادے میں پیش کرتا ہے۔

مہر نیوز کی رپورٹ کے مطابق، تاہم اس منصوبے کو کئی سنگین رکاوٹوں کا سامنا ہے:

اول، امریکہ کا ان حکومتوں کے تعاون پر انحصار، جو خود ایران کی اقتصادی ناکہ بندی سے نقصان اٹھائیں گی۔

دوم، بحیرۂ کیسپین تک دباؤ کا دائرہ وسیع کرنے کے حوالے سے روس اور دیگر ساحلی ممالک کی حساسیت۔

سوم، اس بات کی کوئی ضمانت نہ ہونا کہ اقتصادی نقصان کو سیاسی رعایتوں میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ، عوام کی خوراک اور ضروری اشیا تک رسائی کو دانستہ طور پر محدود کرنے کے کسی بھی اقدام کے سنگین انسانی اور قانونی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

آخرکار، ’’آہنی دروازہ‘‘ کو امریکہ کی جانب سے براہِ راست جنگ کے متبادل کے طور پر منظم اقتصادی دباؤ مسلط کرنے کی کوشش سمجھنا چاہیے۔ یہ ایسی حکمت عملی ہے جو ایران کی معیشت پر نئے اخراجات اور مشکلات مسلط کر سکتی ہے، لیکن اس کی کامیابی کا انحصار ایسے عوامل پر ہے جو واشنگٹن کی فوجی اور پابندیوں کی طاقت سے کہیں آگے ہیں۔

امریکہ شاید ایران کے تجارتی راستوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائے، لیکن ان رکاوٹوں کو ایک ہمہ گیر ناکہ بندی میں تبدیل کرنا اور پھر اس ناکہ بندی کو سیاسی کامیابی میں بدلنا دو الگ اور انتہائی دشوار مراحل ہیں۔

آہنی دروازہ، خطے کے معاملات پر واشنگٹن کے مکمل تسلط کی علامت ہونے کے بجائے، درحقیقت اس بات کا امتحان ہے کہ پڑوسی ممالک امریکہ کا کس حد تک ساتھ دیتے ہیں اور امریکہ خطے کے خودمختار کردار ادا کرنے والے ممالک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کتنی صلاحیت رکھتا ہے۔

News ID 1942899

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha